رمضان کی آمد سے قبل مہنگائی کا طوفان ایک بار پھر سر اٹھارہا ہے،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ رمضان کی آمد سے قبل مہنگائی کا طوفان ایک بار پھر سر اٹھارہا ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ عملی طورپر ریلیف دینے کے لئے منافہ خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی کرے زبانی جمع خرچ کی وجہ سے عوام کو پہلے ہی بہت نقصان پہنچ چکا ہے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مذہبی ایام کے موقع پر خصوصی طور پر اشیاء کی قیمتیں کم کی جاتی ہیں تاجر اور حکومت دونوں ہی عوام کو ریلیف دیتے ہیں تا کہ ہر طبقہ مذہبی ایام کو بہتر انداز میں منا سکے لیکن پاکستان میں اس کے برعکس جب بھی رمضان المبارک کا مہینہ قریب آتا ہے مصنوعی مہنگائی کا طوفان عوام کو چاروں جانب سے گھیر لیتا ہے اشیاء خورد ونوش سمیت ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے سامان بلیک میں فروخت کیاجاتا ہے اس بار بھی حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے رمضان سے قبل مہنگائی کا طوفان سر اٹھا رہا ہے اشیاء کی قیمتوں میں من مانہ اضافہ جاری ہے ملک میں پہلے ہی مہنگائی بے قابو ہے اب مزید مہنگائی ہونے سے حالت ابتر ہوتی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اشیاء خوردونوش سمیت تمام چیزوں کی قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات کرے ساتھ ہی تاجروں کو بھی چاہیے کہ وہ ناجائز منافہ خوری کرنے والوں کی بیخ کنی میں اپنا کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں