مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ نجی ٹیلی کام کمپنیاں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں، صارفین کے بتائی گئی تفصیلات سے ہٹ کر موبائل ڈیٹا اور پیکجز کی معیاد اچانک ختم کردی جاتی ہے، حکومت فوری طور پر اس تمام معاملے کا نوٹس لیکر کاروائی یقینی بنائے، یہ بات انہوں نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اس کے ساتھ ساتھ موبائل کمپنیاں بھی فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کا استحصال کر رہی ہیں آئے روز صارفین کو مطلع کئے بغیر انکے پیکج اور ڈیٹا ختم کردیا جاتا ہے استعمال نہ کرنے کی صورت میں بھی ڈیٹا کو استعمال ظاہر کیا جارہا ہے اور یکایک پیکج اور ڈیٹا ختم ہوجاتا ہے جسکی وجہ سے فی صارف ہزاروں روپے ماہانہ خرچ ہورہے ہیں براہ راست موبائل کمپنیوں کی جیب میں جاتے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ پوچھنے والا کوئی نہیں جسکی وجہ سے وہ ایسے اقدامات کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ موبائل کمپنیاں صارفین پر رحم کھا کر لوٹ مار کا سلسلہ بند کریں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ موبائل کمپنیوں پر نظر رکھتے ہوئے ڈیٹا سمیت دیگر معاملات کو بہتر بنائے اور جو لوگ صارفین سے زیادتی کر رہے ہیں انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے


