صوبائی حکومت کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے آج صوبے میں ملازمین، زمیندار سمیت ہر طبقہ سراپا احتجا ج ہے، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان بد ترین بحرانوں کا شکار ہے بجلی کے واجبات کی عد م ادائیگی کی وجہ سے زمیندار نان شبینہ کے محتاج ہو جائیں گے صوبائی حکومت کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے آج صوبے میں ملازمین، زمیندار سمیت ہر طبقہ سراپا احتجا ج ہے مسلم لیگ(ن) ملازمین، زمینداروں کے احتجاج کی نہ صرف حمایت بلکہ مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر ان مسائل کو حل کیا جائے،یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کیسکو کے واجبات کی عد م ادائیگی کی وجہ سے آج صوبے بھر میں زرعی ٹیوب ویلوں کو ایک گھنٹہ بجلی فراہم کی جارہی ہے فصلیں لگانے کے سیزن میں یہ سب کچھ ہوا دراصل زمینداروں کو نان شبینہ کا محتاج بنا نے کے مترادف ہے صوبائی حکومت کی جانب سے بار ہاں یقین دہانیاں کروائی گئیں کہ جلد ہی کیسکو واجبات ادا کئے جائیں گے جبکہ اب حکومت نے کیسکو کے ساتھ تنازعہ کا بہانہ بنا کر ایک بار پھر مسئلے کو ٹال دیا ہے جسکی وجہ سے زمینداری تباہ ہو کر رہ گئی ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں مسلسل چار روز سے ملازمین احتجاج کر رہے ہیں سرکاری کام ٹھپ ہیں، سڑکیں بند ہیں عوام اور ملازمین دونوں ہی اذیت کا شکار ہیں مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی حکومت عوام کی والی وارث ہے اس پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کے تحفظات کو سن کر کے انکے مسائل کا حل نکالے مگر یہاں الٹی گنکا بہہ رہی ہے حکومت مسائل کو حل کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جس سے صوبے کو نقصان پہنچ رہا ہے مسلم لیگ(ن) صوبے میں جاری احتجاجوں کی نہ صرف حمایت کرتی ہے بلکہ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ملازمین اور زمینداروں کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں

اپنا تبصرہ بھیجیں