کوروناکی روک تھام میں میڈیا کا اہم کردار ہے، اسد قیصر
اسلام آباد،:اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی میڈیا کی نسبت پاکستانی میڈیا نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آگاہی مہم میں انتہائی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نامسائد حالات کے باوجود میڈیا کی فرنٹ لائن پر رپورٹنگ قابل تعریف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز میڈیا کے نمائندوں کے نام اپنے جاری پیغام میں کیا جو ملک بھر میں فرنٹ لائن پر کورونا وائرس سے متعلق عوام کو معلومات اور آگاہی فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔اسپیکر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے عوام کو صحیح معنوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے سے متعلق احتیاطی تدابیر اپنانے سے آگاہ کیا ہے اور ٹاک شوز کے ذریعے بین الاقوامی ماہر ڈاکٹرز کے مفید مشوروں سے عوام میں وائرس کے متعلق شعور اجاگر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی میڈیا نے ہر مشکل وقت میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کر کے ملک اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وباء سے حکومت، میڈیا اور عوام کے تعاون سے ہی نبرد آزما ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ہر محاذ پر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک اور قوم مشکل دور سے گزر رہے ہیں جس کا مقابلہ ہم نے بحیثیت قوم کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے جہاں ملکی معیشت کو دھچکا لگایا ہے وہاں میڈیا ورکرز پر بھی اس کا براہ راست اثر پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کے معاشی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن پر رپورٹنگ کرنے والے میڈیا رپورٹرز کو حفاظتی لباس کی فراہمی ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس آزمائش سے نکلنے کے لیے اللہ تعالی کے حضور زیادہ سے زیادہ دعائیں اور استغفار کرنے کی ضرورت ہے۔