وفاقی اور صوبائی حکومتیں پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں،مولانا عبدالواسع
کوئٹہ:جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک اور صوبے کو بحرانوں سے نکالنے میں مکمل طو رپر ناکام ہو چکی ہے،سرکاری ملازمین سمیت تمام طبقات سراپا احتجاج ہیں، اگر سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات کو تسلیم نہ کیے گئے تو جمعیت علما اسلام پیر سے ان کے دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گی۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ناکام اور سلیکٹڈ حکمران کرپشن اور مہنگائی کا ڈرامہ رچا کرکے اپنی ناکامی چھپانے اور عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششیں کررہے ہیں تاہم عوام گزشتہ 3سالوں کے دوران ان کی اصلیت جان چکی ہے آج تمام طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سراپا احتجاج ہیں اور سڑکوں پر نکلے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام ایک حقیقی اور مذہبی جماعت ہے جنہوں نے ہمیشہ عوام کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک آتے ہی سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے خوردونوش کے اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیاگیا ہے اور غریب عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ صرف اور صرف ٹوئٹ کے سہارے جی رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور سلیکٹڈ وزیراعلی ٹوئٹ کرکے سرکاری ملازمین کو بلیک میل اور ڈرا دھمکا کرکے خاموش کرانا چاہتے ہیں اگر حکومت نے سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات کو تسلیم نہ کیے تو جمعیت علما اسلام پیر سے ان کے دھرنے میں بھرپور شرکت اور احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔


