جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن نے کامیاب مذاکرات کے بعد بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن نے کامیاب مذاکرات کے بعد بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ منگل کو پارلیمانی سیکرٹری برائے اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و چیئرمین کیو ڈی اے مبین خان خلجی، ڈائریکٹر سکولز واحد شاکر، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم سمیع اللہ کاکڑ ودیگر پر مشتمل حکومتی نمائندہ وفد نے جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے لگائے گئے بھوک ہڑتالی کیمپ میں آکر اساتذہ کے ساتھ مذاکرات کئے۔ مذاکرات کے دوران 50فیصد پروموشن کوٹہ اور جونیئر کیڈر اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر مذاکراتی ٹیم نے اتفاق کیا۔ اس موقع پر مبین خان خلجی کا کہنا تھاکہ جونیئر اساتذہ کے مطالبات جائز ہیں اور میں وزیراعلیٰ کے ساتھ اس سلسلے میں بات کرکے اساتذہ کے مسائل حل کراؤں گا۔ جونیئر ٹیچرز کے مطالبات کے سلسلے مین آج بروز بدھ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ آفیسران کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں منظور شدہ مطالبات پر گفت و شنید اور ان کے حل کے لئے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ کامیاب مذاکرات کے بعد چیئرمین کیو ڈی اے مبین خان خلجی نے جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے بھوک ہڑتال پر بیٹھے تنظیم کے صدر یوسف خان کاکڑ اور ارباب منیر احمد کاسی کو جوس پلا کر بھوک ہڑتال ختم کرادی۔


