معاشی پالیسیوں کیخلاف جمعے کو ملک بھر کی طرح بلوچستان میں احتجاجی مظاہر ے کئے جائیں گے، مولاناعبدالواسع

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام نے ملک میں جاری بدترین مہنگائی، عوام دشمن معاشی پالیسیوں اور حکومتی نااہلی کے خلاف ایک بھرپور، منظم اور ہمہ گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب خاموشی مزید ممکن نہیں۔ اس سلسلے میں جمعہ کے روز ملک بھر کی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی احتجاجی ریلیوں، مظاہروں اور عوامی اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی واضح ہدایات کی روشنی میں صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے بلوچستان کے تمام ضلعی امراء ، نظماءاور ذمہ داران کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ احتجاجی تحریک کو بھرپور عوامی رنگ دیتے ہوئے ہر سطح پر منظم، مو¿ثر اور نتیجہ خیز بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک تنظیمی ڈھانچے کو مکمل طور پر فعال کیا جائے اور کارکنوں کو متحرک کرکے انہیں ایک واضح بیانیہ اور حکمت عملی فراہم کی جائے تاکہ وہ عوامی حقوق کے دفاع میں اپنا مو¿ثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی غیر ذمہ دارانہ معاشی پالیسیوں، بے قابو مہنگائی، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عام آدمی کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، قوتِ خرید میں نمایاں کمی اور بے روزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح نے عوام کو معاشی دباو¿، اضطراب اور بے چینی کی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو "معاشی استحصال” اور "عوامی استبداد” قرار دیتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔مزید برآں انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے ثمرات فوری طور پر عوام تک منتقل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہوتی ہے تو اس کا براہ راست فائدہ عوام کو ملنا چاہیے، نہ کہ اسے ٹیکسوں اور لیویز کی آڑ میں روک لیا جائے۔ انہوں نے اس عمل کو "معاشی ناانصافی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر پٹرول، ڈیزل اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں واضح کمی کا اعلان کرے تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔مولانا عبدالواسع نے مزید ہدایت کی کہ کارکنان عوام کے ساتھ قریبی رابطہ استوار کریں، گھروں، بازاروں اور مساجد کی سطح تک جاکر پارٹی کا پیغام پہنچائیں اور عوام کو اس بات پر آمادہ کریں کہ وہ پرامن، جمہوری اور آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اس احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تحریک کسی ایک جماعت یا طبقے کی نہیں بلکہ پورے عوام کی اجتماعی آواز ہے، جس کا مقصد ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف مو¿ثر مزاحمت اور عوامی حقوق کا تحفظ ہے۔دریں اثنائ ، صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے عالمی تناظر میں امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ پاکستان نے حالیہ سفارتی سطح پر ایک متوازن، سنجیدہ اور دوراندیش پالیسی اپناتے ہوئے کشیدگی میں کمی لانے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مو¿ثر سفارتکاری، ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور ثالثی کی کوششیں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ ملک عالمی برادری میں ایک سنجیدہ اور امن پسند ریاست کے طور پر اپنی پہچان مضبوط کر رہا ہے۔ لاکھوں انسانی جانوں کو ممکنہ جنگی تباہی سے بچانے اور خطے کے معاشی و سماجی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کا کردار قابلِ فخر اور قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنی فعال سفارتی کوششوں کو مزید وسعت دے، علاقائی اور عالمی تنازعات کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے اور ایک پرامن، مستحکم اور متوازن عالمی نظام کے قیام میں اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں