وزیر اعظم کے لوڈشیڈنگ میں کمی کے احکامات پر بلوچستان میں عمل نہ ہوسکا، بلوچستان کے کچھ علاقوں میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری
کوئٹہ (این این آئی ) وزیر اعظم کے لوڈشیڈنگ میں کمی کے احکامات پر بلوچستان میں عمل نہ ہوسکا بلوچستان کے کچھ علاقوں میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی جبکہ کوئٹہ میں دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے گذشتہ روز لوڈشیڈنگ میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے لوڈشیڈنگ میں کمی کے احکامات جاری کئے تھے لیکن ان پر بلوچستان میں عمل نہیں ہوسکا، بلوچستان کے کچھ علاقوں واشک،قلات ،چمن میں اٹھارہ گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، جبکہ کوئٹہ میں دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے صارفین کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ شٹ ڈاون ،فالٹ کے نام پر بجلی بند رکھی جارہی ہے ،بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔کیسکو ذرائع کے مطابق صوبے میں بجلی کی ضرورت 375میگاواٹ ہے،تاہم بلوچستان کو نیشنل گرڈ سے 300میگاواٹ سے بھی کم بجلی مل رہی ہے۔


