تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر کے مختلف شہروں میں احتجاج اور دھرنے

لاہور، ملتان، راولپنڈی اور کراچی میں جگہ جگہ احتجاج کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں
ایک مذہبی تنظیم کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اوردھرنے جاری ہیں۔
لاہور میں ملتان روڈ پر چوہنگ سمیت دیگر مقامات پر احتجاج کے باعث ٹریفک بلاک ہوگیا جبکہ چوک یتیم خانہ میں مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی۔
لاہور میں سگیاں پُل، شاہدرہ اور فیروز پور روڈ پر شنگھائی پُل کے قریب بھی ٹریفک بلاک ہوگیا ہے۔
ملتان میں بہاولپوربائی پاس چوک پراحتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
احتجاج کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب کراچی میں اورنگی ٹاؤن نمبر4 اور بلدیہ نمبر4 ، حب ریور روڈ ، لیاقت آباد ، کورنگی میں بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ سمیت ملحقہ سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے اور ٹاور سےگورنر ہاؤس تک گاڑیوں کی طویل قطار لگ گئی ہے۔ اسٹار گیٹ کے مقام پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ احتجاج اور مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام کے باعث دفاتر سے گھروں کو جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارہ کہو میں احتجاج جاری ہے جس کے باعث اٹھال چوک بند کردیا گیا ہے جبکہ اٹھال چوک بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اُدھر ملک کے مختلف شہروں میں بھی مذہبی تنظیم کی جانب سے دھرنے اور احتجاج جاری ہے جس کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں