افغانستان , طالبان کا حملہ، افغان نیشنل آرمی کے دس اہلکار ہلاک، تین زخمی ]پانچ دیگر اغواء کر لئے گئے

کوہاٹ: افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ میں طالبان کے حملے میں افغان نیشنل آرمی کے دس اہلکار ہلاک، تین دیگر زخمی اور پانچ دیگر اغواء کر لئے گئے جبکہ شمالی صوبہ بغلان میں کوئلے کی کان میں تودہ گرنے سے پانچ کان کن جاں بحق ہوگئے۔افغان میڈیا نے مقامی حکام کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ پیر کی شب صوبہ بلخ کے ضلع چمتال کے سر آسیاب نامی گاؤں میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں طالبان نے افغان نیشنل آرمی کے ایک کیمپ پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا جس کے نتیجے میں دس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے جبکہ پانچ دیگر اغواء کرکے یرغمال بنادیئے گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبان نے حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ دریں اثناء شمالی صوبہ بغلان میں کوئلے کی ایک کان میں حادثہ پیش آیا ہے جہاں تودہ گرنے کے نتیجے میں پانچ کان کن دب کر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس ترجمان جاوید بشارت کے حوالے سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع نہریں میں منگل کی صبح پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق ملبے تلے دبے پانچ میں سے ایک کان کن کی لاش برآمد کر لی گئی ہے جبکہ باقی افراد کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں