زمبابوے، ہیلی کاپٹر حادثے میں 4 افراد ہلاک
ہرارے(شِنہوا)زمبابوین فضائیہ(اے ایف زیڈ)کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، ہیلی کاپٹر دارالحکومت ہرارے سے 32 کلومیٹر مشرق میں واقع آرکٹورس کے ایک گھر پر گرا۔زمبابوین فضائیہ نے ایک بیان میں بتایا کہ مرنیوالے 4 افراد میں ہیلی کاپٹر میں سوار 2 پائلٹ، ایک ٹیکنیشن اور ان کے ساتھ ساتھ زمین پر موجود ایک بچہ بھی شامل ہے۔ایک اور کمسن لڑکی اور اس کی ماں جھلسنے کے باعث زخمی ہوئی ہیں اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔زمبابوین فضائیہ نے کہا کہ آگسٹا بیل 412 ہیلی کاپٹر نے ایک تربیتی مشن کیلئے منیامے ایئرفورس بیس سے اڑان بھری تھی اور اس میں 2 پائلٹ اور ایک ایئرکرافٹ ٹیکنیشن سوار تھا۔جب ہیلی کاپٹر سے رابطہ قائم نہ ہو سکا تو اڈے نے تلاش و بچا آپریشن شروع کر دیا تو آرکٹورس سے ہیلی کاپٹرکا ملبہ ملا۔زمبابوین فضائیہ کے کمانڈر ایئر مارشل ایلسن مویو نے کہا کہ ہم اس المناک حادثے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا شکار ہیں۔ ہمارے دل اور دعائیں حادثے کے بعد ہلاک افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔مویو نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا۔


