کورونا کی تشخیص ہونے پر فٹبال کلب کے ڈاکٹر نے خود کشی کر لی
فرانس کے لیگ ون فٹبال کلب ریمس کے ڈاکٹر برنارڈ نے خود کشی سے پہلے ایک خط بھی لکھا۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور عالمگیر وبا نے اب تک ہزاروں افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے تاہم اب موت کے خوف سے لوگوں نے خود کشیاں بھی شروع کر دی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے لیگ ون کلب ریمس کے ڈاکٹر برنارڈ گونزالیز نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر خودکشی کر لی۔ فرانسیسی فٹ بال کلب ریمس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ریمس کلب اور سیکڑوں مرد و خواتین برنارڈ کی موت پر افسردہ ہیں۔ فرانسیسی فٹ بال کلب ریمس کے میئر کا کہنا تھا کہ 60 سالہ ڈاکٹر برنارڈز گونزالیز اس کلب کے ساتھ گزشتہ 20 سالوں سے وابستہ تھے۔ میئر نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر برنارڈز نے خودکشی سے پہلے ایک خط بھی لکھا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔خیال رہے فرانس میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 93 ہزار کے قریب متاثر ہو چکے ہیں۔