این سی او سی کا خصوصی اجلاس، کورونا ایس او پیز کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد:وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں 8 سے 16 مئی تک ملک بھر میں شہریوں کی نقل و حمل روکنے کے لیے نافذ ایس او پیز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ 8 سے 16 مئی تک تمام تجارتی مراکز اور سیاحتی مقامات کو بند رکھا جائے گا۔ تاہم میڈیکل سٹورز، ویکسینیشن سینٹرز اور بیکریز پابندی سے مستثنٰی ہونگے۔

اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا کہ سیاحتی سرگرمیوں پر لوکل اور غیر ملکی شہریوں کے لیے مکمل طور پر پابندی ہوگی۔ تمام سیاحتی مراکز، ہوٹلز اور پکنک پوائنٹس ان ایام کے دوران بند رہیں گے۔ کسی بھی سیاحتی مقامات پر جانے والے سیاحوں کو واپس بھیج دیا جائے گا۔

این سی او سی کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے تمام ہوٹلز کی بکنگز کو بھی کینسل کر دیا گیا ہے۔ بین الالصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر عائد مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ نجی گاڑیوں بشمول ٹیکسی اور کیب سروس کو 50 فیصد سواریوں کے ساتھ چلنے کی اجازت ہوگی۔

اجلاس میں مختلف شہروں میں رپورٹ ہونے والی ایس او پیز خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس پر اطلاق کے لیے جامع پالیسی بنانے کے لئے صوبوں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں