عرب امارات میں نماز عید اور خطبہ صرف15 منٹ میں پڑھائے جائیں گے
دبئی: متحدہ عرب امارات میں آج رمضان المبارک کا آخری روزہ ہے۔ کل سے عید کا خوشیوں بھرا تہوار شروع ہو جائے گا۔ گزشتہ سال کورونا وبا کے دوران مساجد بند ہونے کی وجہ سے عید کی نمازوں کے اجتماعات نہیں ہو سکے تھے۔ تاہم اس بار ایس او پیز کے ساتھ عید الفطر کی نماز مساجد اور عید گاہوں میں ادا کی جا سکے گی۔امارات بھر کی تمام ریاستوں میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ تاہم اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر کی نماز کے اجتماعات بہت مختصر دورانیے کے ہوں گے۔تمام مساجداور عید گاہیں نماز سے پندرہ منٹ پہلے کھولی جائیں گی۔ عید کی نماز اور خطبہ دونوں کا مجموعہ دورانیہ صرف 15منٹ ہوگا۔ خطبہ مکمل ہوتے ہی تمام مساجد اور عید گاہیں بند کر دی جائیں گی۔مساجد کے اندر اور باہر کہیں بھی جمگھٹا لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ نمازیوں گلے مل کر عید مبارک کہنے اور مصافحہ کرنے سے بھی گریز کرنا ہوگا۔خواتین اس بار مساجد اور عید گاہوں میں عید کی نماز ادانہیں کر سکیں گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ عید الفطر کے اجتماعات کے دوران تما م وقت ماسک لگانے اور سماجی فاصلے کی پابندی سمیت دیگر ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا۔شارجہ کی 471 مساجد میں عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی۔ ریاست شارجہ سٹی میں عید الفطر کی نماز کا وقت 5:51 بجے مقرر کیا گیا ہے۔ المادام اور الملیحہ میں 5:51 منٹ پرجبکہ بطایہ میں عید الفطر کی نماز 5:48 بجے ادا کی جائے گی۔دوسری جانب دبئی میں بھی عید الفطر کے اجتماعات ساڑھے پانچ سو سے زائد مساجد اور عید گاہوں میں ہوں گے۔دبئی شہر میں عید کی نماز کا وقت 5:55 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔تاہم خواتین کو اس بار مساجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ عید کی نماز کے ادائیگی کے دوران تمام نمازی آپس مین فاصلہ رکھیں گے۔ تمام افراد جائے نماز گھروں سے ہی لائیں گے۔عید گاہوں اور مساجد کے داخلی اور خارجی مقامات پر جمگھٹا لگانے کی ممانعت ہوگی۔ مختلف ریاستوں کے پولیس اہلکار بھی عید اجتماعات کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کریں گے۔


