پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کے مساوی حقوق و مذہبی آزادی کا ضامن ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا پورا حق دینے کا ضامن ہے اور مذکورہ آئین مذہبی بنیادوں پر کسی کے ساتھ کسی قسم کا امتیاز رکھنے کی اجازت نہیں دیتاان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں اقلیتوں کے حقوق کیلئے قائم کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر محمد شعیب سڈل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیاملاقات کے دوران رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار بھی موجود تھے اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ خطے کو امن وآشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے بھائی چارے، باہمی احترام، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ناگزیر ہوچکا ہے گورنر یاسین زئی نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں مذہبی اقلیتوں کی صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں قابل قدر خدمات ہیں اور آئندہ بھی یہی توقع کی جاتی ہے کہ تمام اقلیتیں ملک و صوبے کی معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کیلئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہیگی ملاقات کے دوران ملک و صوبے کی مجموعی صورتحال سمیت اقلیتوں کے حقوق واختیارات کی پاسداری بھی زیر بحث آئے۔


