عوام حکومت سے تنگ،مسلم لیگ (ن)کے دور کو یاد کر رہے ہیں‘ احسن اقبال
نارووال: مسلم لیگ (ن) سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے،عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں،ملکی معیشت بری طرح تباہ ہوچکی ہے بدترین مہنگائی اور بیروز گاری کا طوفان اس قدر بڑھ چکا ہے کہ عوام کے لیے دووقت کی روٹی پوری کرنا بھی مشکل ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نارووال کے سابق صدر رانا شاہد نور ایڈووکیٹ کے قتل پر ان کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ رانا شاہد نور ایڈووکیٹ کے قتل کا انتہائی دکھ ہوا ہے اوراہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور رانا شاہد نور ایڈووکیٹ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے کڑ ی سزا دے کر اہل خانہ کو انصاف فراہم کرے۔ اس وقت موجودہ حکومت عوام کے جان و مال کاتحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکومت سے تنگ ہیں اور مسلم لیگ (ن)کے دور حکومت کو یاد کر رہے ہیں۔


