گزشتہ روز میر اسد اللہ کے خلاف پریس کانفرنس کرنے والے ترقی اور امن کے خلاف ہیں، بی این پی (عوامی)
کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے رہنماء ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پنجگور سے تعلق رکھنے والے بعض سیاسی مخالفین نے گزشتہ روز صوبائی وزیر میر اسد اللہ بلوچ کے خلاف پریس کانفرنس بے بنیاد من گھڑت غیر اخلاقی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرنے والے وہ لوگ ہیں جو ہمیشہ خوشحالی، ترقی اور امن کے خلاف رہے ہیں ان کا کردار سماج دشمن عناصر کے ساتھ ہمیشہ سے رہا ہے اور انہوں نے ہمیشہ اپنی ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو زیر اور نقصانات پہنچائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے لیڈر میر اسد اللہ بلوچ پر فخر ہے انہوں نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے ملکی و صوبائی اور قومی مفادات کو ہمیشہ تحفظ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز پریس کانفرنس میں جس زمین کا ذکر کیا گیا ہے مذکورہ زمین آج سے ایک ڈیڑھ سال پہلے باقاعدہ قانونی طور پر ریونیو ایکٹ کے مطابق فلاحی کاموں کے لئے 99سالوں کے لئے لیز کی گئی ہے جس میں 200ایکڑ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، 2سو ایکڑ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، 2سو ایکڑ انرجی ڈیپارٹمنٹ، 100ایکڑ لوکل گورنمنٹ باقی جو قومی ضرورت کے مطابق کوئی بھی ایسا پروجیکٹ جو عوام کے مفاد میں ہو اس جگہ پر تعمیر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے پریس کانفرنس میں رائے عامہ کو ناکام طریقے سے گمراہ کرنے کی جو کوشش کی گئی تھی بلوچستان کے عوام کے سامنے سچ کی آواز کو بلند کرنا اور سچائی کو عوام کے سامنے پیش کرنا ہمارے لیڈر میر اسد اللہ بلوچ کا وژن رہا ہے۔


