ماضی میں حکمران عوام کو لوٹتے رہے، مگر اب ایسا نہیں ہوگا، نعیم بازئی
کوئٹہ: صوبائی مشیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملک نعیم خان بازئی نے کہا ہے کہ وہ بلاامتیاز عوام اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کا جذبہ لے کر آگے بڑھ رہے ہیں آج حلقے کا بچہ بچہ ترقیاتی کاموں کا اعتراف کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چشمہ اچوزئی کے رہائشی و سابق کونسلر عبدالقاہر کاسی، ملک اسرار کاسی کی سربراہی میں ڈیڑھ سوافراد کی اے این پی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ا نہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کامیاب کرایا وہ ان پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ وہ عوام کی بلاامتیاز خوشحالی اور علاقے کی ترقی کے جذبے سے سرشار ہو کر خدمت کررہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ کوئی بھی بنیادی سہولیات سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جان بوجھ کر عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی سے چشم پوشی کی گئی جس کی وجہ سے عوام نے انتخابات میں انہیں منتخب کرایا کیونکہ اب عوام باشعور ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کے ترقیاتی کاموں کا اعتراف حلقے کا بچہ بچہ بھی کررہا ہے۔ اس موقع پر عبدالقاہر کاسی و دیگر نے کہا کہ ملک نعیم خان بازئی ایمانداری سے بلاامتیاز علاقے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں جس سے متاثر ہو کر انہوں نے ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔


