لوکل اور قبائلی افراد کے الاٹمنٹ کینسل کرواکر باہر کے انویسٹر کوالاٹمنٹ کروانا قبول نہیں،سردار کمال بنگلزئی
کوئٹہ:اقوام بنگلزئی کے سربراہ و سابق ممبر نیشنل اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے کہا ہے کہ سیکرٹری مائنز اور ڈپٹی ڈائریکٹر مائنز جو کہ دونوں بھائی ہیں نے سوچے سمجھے سازش کے تحت پہلے سے الاٹ شدہ لوکل اور قبائلی لوگوں کے سینکڑوں الاٹمنٹ کینسل کروا کر باہر سے انویسٹر لا کر ان کو الاٹمنٹ کروا رہے ہیں بلوچستان کے عوام جو پہلے سے احساس محرومی کا شکار ہیں اور اپنے وسائل کے لوٹ مار سے پریشان ہیں ان کو ان کے اپنے علاقوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ کچھ مہینے پہلے پورے دلبند کو بغیر قبائلی معتبرین کو اعتماد میں لئے اچانک تمام لوگوں کے الاٹمنٹ کینسل کر کے ایک حکومتی خود ساختہ بنائی ہوئی کمپنی کو الاٹ کر دیا اور اپنی پسند نا پسند کی بناء پر یا لین دین کر کے دوسرے صوبوں سے انویسٹر لا رہے ہیں ہم بلوچستان کے معتبرین اس سازش کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دینگے اور عدلیہ سمیت ہر پلیٹ فارم پر اس کے خلاف جائینگے ہم چیف جسٹس بلوچستان، کور کمانڈر بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان کے لوگوں کو مزید محرومیوں کا شکار ہونے نا دیں اور خود نوٹس لے کر اس جبری الاٹمنٹ کو کینسل کروا دیں۔


