کیچ،ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ، ایک جاں بحق،دو زخمی
کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع کیچ (تربت)میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ایف سی ذرائع کے مطابق فرنٹئیر کور بلوچستان 61 ونگ کے اہلکار کیچ کی تحصیل مند میں پاک ایران سرحد کے قریب لگائی گئی باڑ کی حفاظت پر مامور تھے۔ سنیچر کی صبح قریبی پہاڑ میں گھات لگائے نامعلوم حملہ آوروں نے اہلکاروں پر چھوٹے اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر تین اہلکار سپاہی حسین بخش، رضوان احمد اور شبیر احمد زخمی ہوگئے جن میں حسین بخش بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا۔قریبی ایف سی چوکی سے ایف سی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر جوابی فائرنگ کی جس پر حملہ آور فرار ہوگئے۔خیال رہے کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ 900 کلومیٹر طویل سرحد پر سرحد پار سے حملے اور غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کیلئے آہنی باڑ لگانے کا کام شروع کیا ہے۔ جہاں باڑ مکمل کرلی گئی ہے وہاں حفاظت کے لیے چوکیاں قائم کرکے ایف سی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔مئی میں بھی پاک ایران سرحدی علاقے میں اس طرز کے ایک حملے میں چار ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔


