کیل کور کے غریب عوام پر رحم کیا جائے،نیشنل پارٹی کیچ
تربت (نمائندہ انتخاب) بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاہے کہ کیل کور، بالگتر کے غریب ومفلوک الحال عوام پر رحم کیاجائے، فورسز کی جانب سے کیل کور، بالگتر کے دورافتادہ وپسماندہ دیہاتوں میں ظلم وزیادتیاں انتہائی قابل مذمت ہیں، بلوچستان نیشنل پارٹی ان علاقوں میں غیراعلانیہ آپریشن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، ایک غریب شخص خالق داد کے بیٹوں کی شہادت اور غریب مالداروں کے مال مویشیوں پرفائرنگ اور انہیں ہلاک کرنا صریح غیرانسانی عمل ہیں انہوں نے کہاکہ کیل کورکے عوام نے گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں اپنی جس فریاد اور دکھ بھری داستان کااظہارکیاہے ان کے ساتھ ظلم وزیادتیوں کی انتہاکی جارہی ہے یہ کیل کور، بالگتر کے عوام سے زندہ رہنے کاحق چھیننے کے مترادف ہے ان علاقوں کے غریب وسادہ لوح عوام پر عرصہ حیات تنگ کرکے انہیں بے سروسامانی کی حالت میں علاقہ چھوڑنے پرمجبورکیاجارہاہے اس پر تمام سیاسی جماعتوں کوبھرپور آوازبلندکرنا چاہیے انہوں نے کہاکہ فورسز کا کام عوام کوتنگ کرنا اوران پر ظلم وجبر ڈھانا نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہردورمیں ظلم وجبر کے خلاف آوازبلندکی ہے، بی این پی ان مظلوم عوام کے ساتھ ہے اورہرفورم پر ان کی آوازاٹھائے گی۔


