مکران بھر میں بجلی نہ ہونے کے سبب عوام شدید ذہنی، معاشی اور نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں،نیشنل پارٹی

تربت (نمائندہ انتخاب) نیشنل پارٹی کیچ کے ترجمان نے جاری کردہ بیان میں مکران میں ایران سے بجلی کے منقطع ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منگل کی صبح سے مکران بھر میں بجلی نہ ہونے کے سبب عوام شدید ذہنی، معاشی اور نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں،انہوں نے کہا کہ ایک طرف کرونا وباء سے مکران بھر میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے جبکہ دوسری طرف ہسپتالوں میں بجلی نہ ہونے کے باعث مریض بے یار و مددگار پڑے ہیں،ترجمان نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ نمائندوں کو عوام کے مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں، درحقیقت بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی شے نظر نہیں آتی، جبکہ سلیکٹڈ نمائندوں کی کھیپ صرف اور صرف بجٹ سیشن میں ذاتی اور گروہی مفادات کے تحفظ کے لیے حرکت کرتی نظرآتی ہے،آخر میں انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی مشکل حالات میں مکران کے عوام کے ساتھ ہے، اگر بجلی پر قابو نہیں پایا گیا تو عوام کے ساتھ مل کر سخت سے سخت احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں