پی ڈی ایم اے کا دائرہ کار بتدریج اضلاع تک بڑھائیں گے، ضیاء لانگو
کوئٹہ7 جولائی: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے آج پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ نے اتھارٹی کے ہیڈآفس میں قائم کنٹرول روم کے مختلف شعبے دیکھے۔ موسم، بارشوں، برفباری اور رودکوہی کے بارے میں پیشگی اطلاعات کے سسٹم کا مشاہدہ کیا اور پی ڈی ایم اے کے امداد ی سامان کیلئے مختص ڈیش بورڈ بھی دیکھا۔ وزیرا داخلہ کو ڈیزاسٹر کے حوالے سے میڈیا واچ روم کا مشاہدہ بھی کرایا گیا۔ وزیر داخلہ نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں مختلف محکموں کے فوکل پرسنز سے ان کے فرائض کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر داخلہ نے فوکل پرسن سے سیلاب کی صورت میں محکمانہ ذمہ داریوں کے بارے میں استفسار کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر ناصر نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا دائرہ کار بتدریج اضلاع تک بڑھائیں گے۔ پی ڈی ایم اے کو درکار وسائل کی فراہمی کی ذمہ داری پوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رودکوہی اور دیگر قدرتی آفات کی پیش گوئی کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر ناصر، ڈائریکٹر ایڈمن فیصل پانیزئی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔


