وقت کی ضرورت ہے کہ نوجوان سیاسی رہنماء کنارہ کشی اختیار کرنے کے بجائے سیاسی میدان میں آکر کردار ادا کریں، نعمت اللہ زہری

خضدار(آئی این پی)رکن بلوچستان اسمبلی میر نعمت اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بلوچستان کے سیاسی کارکنان اور سیاسی ورکرز اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر صوبے میں مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کے لئے آگے بڑھیں، کہنہ مشق سیاسی ورکرز کہ جن کی پوری زندگی سیاسی کاز کے لئے وقف رہی ان کا تجربہ اور دانشمندی آنے والے وقت میں بلوچستان میں اچھا رول پلے کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر بی ایس کے سابق چیئرمین اسلم بلوچ عبدالسمیع رؤف چیف یاسر بلوچ سردار تاج محمد زہری اور انجینئر سعیداحمد زہری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفدنے اسلم بلوچ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ رکن بلوچستان اسمبلی میر نعمت اللہ خان زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے معروضی حالات اس بات و عمل کے متقاضی ہیں کہ نوجوان سیاسی رہنماء کنارہ کشی اختیار کرنے کی بجائے سیاسی میدان میں آکر اپنا کردار نبھائیں عوام کی رہنمائی کریں ان کے مسائل کے حل کے لئے اپنے تجربات کو عملی شکل دیں انہوں نے کہا کہ عوام کو ڈھکوسلہ خوشنما نعروں پر زندگی بسر کرنے کی تلقین نہیں بلکہ ان کے لئے عملی طور پر کچھ کر گزرنے کی ضرورت ہے اس کے لئے وفاق سے منسلک رہنا صوبے کی صحیح ترجمانی کرنا اصل خدمت ہے سیاست ایک عبادت ہے اگراسے عوام کی ترجمانی اور ان کی بدحالی کے خاتمے کے لئے بروئے کار لایاجائے تو اس سے بڑھ کر سیاسی فائدہ اور کوئی ہو نہیں ہوسکتا ہے۔ وفد نے میرنعمت اللہ خان زہری کی سوچ اور ان کے گزشتہ سالوں کی کار کردگی کو سراہا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوام کی ترجمانی اور ان کے بہتر مستقبل کے لئے ہم ایک پیج پر رہیں گے اور مل کر اسی سوچ کو آگے بٹھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں