عمران خان کشمیر فروش سلیکشن کا سورج غروب ہو رہا ہے، مریم نواز
مظفرآباد میں:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا نام کشمیر فروش ہے جس نے سار ی زندگی کھیل تماشے میں گزاری اسے خارجہ پالیسی کا کیا پتا، جب کشمیر کے بارے میں چیخ چیخ کر بتانا چاہیے تھا عمران خان نے خاموشی اختیار کرلی،عمران خان سے پوچھنا چاہتی ہوں تمہیں کشمیریوں کا خون بیچنے کا حق کس نے دیا؟ ماں بیٹیوں کی عزت لوٹی گئی، ان کی قربانیوں کو یوں بہانے کا حق کس نے دیا؟ مقبوضہ کشمیر کے بعد اب کشمیر کو کاٹنے کی تیاری ہو رہی ہے،سلیکشن کا سورج پاکستان میں غروب ہو رہا ہے، سلیکشن کے سورج کو آزاد کشمیر میں طلوع نہیں ہونے دیں گے۔جمعہ کو یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کشمیر میرے خون کیاندر ہے، لوگ انتخابی مہم کے لیے آتے ہیں لیکن کشمیر میرے دل میں رہتا ہے۔وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا نام کشمیر فروش ہے، عمران خان مقبوضہ کشمیر بھارت کی جھولی میں ڈال کر آگیا ہے، یہ جتنا ڈراما کریں، روئیں دھوئیں، اس میں عمران کی مرضی شامل تھی، کشمیر فروشی کے بعد تم کیا منہ لیکر کشمیر میں آرہے ہو۔


