ٹک ٹاک نے صارفین کو نوکری فراہم کرنے کیلئے راستہ ڈھونڈ لیا
بیجنگ:شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے صارفین کو ملازمت کی تلاش میں مدد فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے ریزیومے کے نام سے ایک سروس شروع کی گئی ہے جس کا مقصد اپنے صارفین کے لیے ملازمت کی تلاش میں مدد فراہم کرنا ہے تاہم فی الحال ٹک ٹاک کی مذکورہ سروس صرف امریکہ میں آزمائشی طور پر شروع کی گئی ہے جہاں اس نئی سروس کو استعمال کرتے ہوئے افرادی قوت کے اداروں تک اپنا سی وی اور دیگر ملازمتی کوائف بھیجے جا سکتے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے شروع کی گئی اس سروس کا مقصد ایپلی کیشن کو عوامی مفاد کے لیے بہتر بنانا اور اپنے صارفین کے لیے ملازمت کی تلاش میں مدد فراہم کرنا ہے، اس مقصد کے لیے ٹک ٹاک نے اپنی ایک الگ ویب سائٹ بھی بنائی ہے جہاں ویڈیو سی وی اور ٹیکسٹ کوائف بھیجے جا سکتے ہیں جب کہ سروس کو کامیاب بنانے کے لیے دنیا کی بڑی کمپنیوں اور اداروں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے پابندی ہٹائے جانے پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی خوش ہوگئے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ سندہ ہائیکورٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا، دنیا میں اس وقت ٹیکنالوجی کی جنگ چل رہی ہے کمپنیاں ایک دوسرے کے خلاف پراپیگنڈا کر رہی ہیں ہمارے ریگولیٹری ادارے اور جج صاحبان کو اس لڑائی سے علیحدہ رہنا چاہیئے اور جو پاکستان میں سرمایہ کاری کرے اسے خوش آمدید کہیں۔واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے معروف ایپ ٹک ٹاک کو بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے، عدالت نے پی ٹی اے کو ایل جی بی ٹی سے متعلق درخواستیں جلد نمٹانے کا حکم دے دیا، سندھ ہائیکورٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا، عدالت نے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک بحال کرنے کا حکم دے دیا، سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ پی ٹی اے کی متفرق درخواست پر دیا، پی ٹی اے کو ایل جی بی ٹی سے متعلق درخواستیں جلد نمٹانے کا حکم دے دیا۔


