صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ
کوئٹہ:صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، وولٹیج میں کمی عوام کی جان کو آگیا، نہ صرف سخت گرم موسم میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ شہر کے وسطی اور نواحی علاقوں میں قلت آب کا مسئلہ سنگین تر ہو کر رہ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بجلی کی طویل ترین لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی نے صارفین کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے بلکہ اس کے باعث ان کے معاملات زندگی بھی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا مسئلہ کوئٹہ کی شہری کے لئے بھی وبال جان بنتا جارہا ہے اس سلسلے میں سٹیلائٹ ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے ممتاز قبائلی، کاروباری و سیاسی شخصیت حاجی جانان اچکزئی کا کہنا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے کوئٹہ کے شہریوں اور خاص کر سٹیلائٹ ٹاؤن کے مکینوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیاہے یہی نہیں بلکہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی کے باعث شہر میں قلت آب کا مسئلہ بھی سنگین ہوگیا ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے بھی فی ٹینکر پانی کی قیمت مزید بڑھادی ہے اور لوگوں کے لئے پانی کا حصول امتحان سے کم نہیں ہے۔ ایک طرف کیسکو حکام بجلی کی کمی کا مسئلہ ماننے کو تیار نہیں تو دوسری جانب طویل لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی کی صورتحال سب کے سامنے ہیں، ا س سے قبل کیسکو حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ نئے فیڈرز پر کام مکمل ہونے کو ہے جس کے بعد صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں نہ صرف کم وولٹیج کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ اضافی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی لیکن ایسا کچھ بھی نہیں بلکہ سخت گرمی کے موسم میں عوام بجلی کی سہولت سے محروم ہیں، کیسکو حکام کو چاہیے کہ وہ صورتحال میں بہتری کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام احتجاج کے لئے مجبور نہ ہو۔


