پیغمبر اسلام کے خاکے بنانے والاکارٹونسٹ طویل علالت کے بعد انتقال کرگیا

ڈنمارک :ڈنمارک کے کارٹونسٹ کرٹ ویسٹرگارڈ 86 برس کی عمر میں وفات پا گیا۔اُن کے بنائے گئے پیغمبر اسلام کے خاکے نے بہت سے مسلم ممالک میں بسنے والے مسلمانوں میں غم و غصے کا باعث بنے تھے۔اُن کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصہ سے علیل تھے۔ویسٹر گارڈ 1980 کی دہائی کے اوائل سے ہی ڈنمارک کے قدامت پسند اخبار سے منسلک تھے۔

سنہ 2005 میں وہ عالمی سطح پر اس وقت مشہور ہوئے جب انھوں نے پیغمبر اسلام کے خاکے بنائے جس سے بہت سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی اور پاکستان سمیت دنیا کے متعدد مسلم ممالک میں بھی اس اقدام کے خلاف پُرتشدد مظاہرے ہوئے۔

ان خاکوں کی اشاعت کے بعد پیدا ہونے والے غم و غصے کا خاتمہ فروری 2006 میں پوری مسلم دنیا میں ہونے والے مظاہروں پر ہوا۔ اس دوران کئی ممالک میں ڈنمارک کے سفارت خانوں پر حملے ہوئے جبکہ فسادات میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔

خاکوں کی اشاعت کے بعد کچھ عرصہ تک تو وہ روپوش رہے لیکن پھر انھوں نے ڈنمارک کے ایک شہر آہرس میں ایک قلعہ نما گھر میں کھلے عام رہنے کا فیصلہ کیا۔2008 میں ڈنمارک کی انٹیلیجنس ایجنسی نے تین ایسے افراد کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا جن پر ویسٹر گارڈ کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں