بھارت میں بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ میں 32افراد جان کی بازی ہار گئے، 1ہزار افراد ریسکیو

ممبئی: بھارتی حکام کے مطابق ملک کے مغربی علاقوں میں مون سون کی موسلادھار بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ رات گئے جاری رہنے والے آپریشن میں ایک ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلعی کلیکٹر نیدھی چوہدری نے کہا کہ مہاراشٹر کے شمالی ضلع رائے گڑھ میں لینڈ سلائیڈنگ کے 3 واقعات میں اموات ہوئیں، ہائی وے پر مکانات کی چھتوں اور بسوں میں پھنسے متعدد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کے عہدیدار ساگر پھاٹک نے کہا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد 32 افراد ہلاک جبکہ 30 لاپتا ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی کے مشرق میں واقع شیواجی نگر کے علاقے میں تیز بارش کے باعث مکان گرنے سے 2 افراد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع رتنگری کے پہاڑی علاقوں میں تیز بارش کے بعد 200 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا جبکہ ساحلی علاقے چپلون کا کم و بیش آدھا علاقہ سیلاب کی زد میں آگیا ہے یہاں تقریبا70 ہزار افراد مقیم ہیں۔رتنگری کے ضلعی حکام بی این پٹیل نے فوج، کوسٹ گارڈ اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپونس فورس سے امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔بھارتی نیوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ علاقے میں پھنسے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کوپٹرز اور کشتیوں سمیت ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں