مسلم لیگ(ن) اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی،نواز شریف

لندن:مسلم لیگ(ن)کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کی5لاکھ ووٹوں سے6سیٹیں اورپی ٹی آئی کی6لاکھ ووٹوں سے26سیٹیں،تحریک انصاف کی ایسی فتح پر کون یقین کریگا؟،ہماری جدوجہدمحض چند سیٹوں کی ہار جیت کیلئے نہیں بلکہ آئین شکنوں کی غلامی سے نجات اور اپنی عزتِ نفس پر سمجھوتہ کئے بغیر تاریخ کی درست سمت میں کھڑے نظر آنے کیلئے ہے، مسلم لیگ(ن) اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔پیر کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں مسلم لیگ(ن)کے قائد نواز شریف نے کہا کہ آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی چکی میں پستے عوام، آٹا، چینی، گھی اور دواؤں کے لئے ٹھوکریں کھاتے لوگ پی ٹی آئی سے نجات کے لئے گلی گلی دہائی دیتی خلقِ خدا، مسلم لیگ ن کے پر جوش تاریخی جلسے ہو رہے ہیں اوردوسری طرف حکومتی سربراہ خالی کرسیوں سے خطاب کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی 5لاکھ ووٹوں سے 6سیٹیں اورپی ٹی آئی کے6لاکھ ووٹوں سے 26سیٹیں،تحریک انصاف کی ایسی فتح پر کون یقین کرے گا؟ آزاد کشمیر اور سیالکوٹ کے نتائج جس طرح حاصل کئے گئے اس کا تذکرہ اِن انتخابات کے دنوں سے پہلے ہی منظر عام پر آنا شروع ہو گیا تھا، باقی آنے والے دنوں میں اور بے نقاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہدمحض چند سیٹوں کی ہار جیت کیلئے نہیں بلکہ آئین شکنوں کی غلامی سے نجات کیلئے ہے۔اور اپنی عزتِ نفس پر سمجھوتہ کئے بغیر تاریخ کی درست سمت میں کھڑے نظر آنے کے لئے ہے۔ مسلم لیگ ن اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی اِنشااللہ۔(رڈ)

اپنا تبصرہ بھیجیں