بلوچستان حکومت گوادر اور مکران کے عوام کو پانی اور بجلی کی فراہمی میں ناکام ہو چکی ہے، متحدہ اپوزیشن
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)بلوچستان کی متحدہ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت گوادر اور مکران کے عوام کو پانی اور بجلی کی فراہمی میں ناکام ہو چکی ہے، گوادر اب بلوچستان کا نہیں بلکہ سینٹرل ایشیاء کا معاشی حب بن رہا ہے مگر عوام اب پانی اور بجلی کیلئے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، حکومت کے پا س اختیار نہیں ہے جس کے پاس اختیار ہے ان سے ہم گلہ کررہے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار متحدہ اپوزیشن کے اراکین ملک نصیر احمد شاہوانی،اختر حسین لانگو، اسمبلی میر حمل کلمتی، حاجی نواز خان کاکڑمیر زابد علی ریکی، عبدالواحد صدیقی، احمد نواز بلوچ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ جمعیت علما اسلام گوادر کے ضلعی رہنما عبدالحمید انقلابی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے مکران اور گوادر کی عوام احتجاج پر ہے اور لوگ شدید گرمی میں پانی اور بجلی کی فراہمی کیلئے احتجاج کر رہے ہیں مگر حکومت کی جانب سے تا حال کوئی اقدامات نہیں کیئے گئے گوادر میں قانون سازی کیلئے اختر مینگل نے قومی اسمبلی میں قرار داد پاس کی مگر اب تک اس قانون سازی پر عمل درآمدنہیں ہوسکا ہے اور گوادر میں لوگوں کو اپنے گھرو ں سے بے دخل کیا گیا اور اب تک متاثرہ افراد کو بقایہ جات ادا نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی اے جو کام کر رہے ہیں وہ گوادر کے عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتے حکومت فوری طورپر گوادر میں پانی اور مکران میں بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائی جائے اگر ایسا نہیں کیا گیا تو اپوزیشن گوادر کے عوام کے ساتھ ملکر تاریخی دھرنا دینگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے نام پر حکمرانوں نے پوری دنیا کو لوٹا مگر گوادر کے عوام کو اب تک پانی فراہم نہیں کی گئی موجودہ حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے جن کے پاس اختیار ہے ان سے ہم گلہ کرتے ہیں کہ وہ ان مسائل میں اپنا کردار ادا کریں اگر ان سلیکٹر نے اپنا کردار ادا نہیں کیا تو حکومت کے جرم میں وہ بھی حصہ دار ہونگے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن گزشتہ 3سالوں سے ایوان کے اندر اور باہر عوامی مسائل پر احتجاج کررہی ہے اور خاص کر گوادر کے عوام کے ساتھ جو نا انصافی کی جارہی ہے ان کو ہم کسی بھی صورت برداشت نہیں کرینگے اور حکومت خود گوادر کے عوام کو ان مسائل میں الجھا کر نقل مکانی پر مجبور کر رہے ہیں تاکہ وہ غیر مقامی افرا د کو یہاں لاکر آبا د کریں انہوں نے کہا کہ جن غیر منتخب نمائندوں کو کروڑوں روپے فنڈز دیا گیا ان سے واپس لیکر ہنگامی بنیادوں پر گوادر کے عوام کو پانی کی فراہمی پر خرچ کی جائے انہوں نے کہا کہ 173ارب روپے جو ترقیاتی فنڈ ز کیلئے مختص کیئے ان میں سے پیسے لیکر گوادر کے عوام کو پانی کی فراہمی کیلئے خرچ کیا جائے حکومت ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم ایک بار پھر ایک تاریخی دھرنا دیکر عوام کے مسائل کیلئے احتجاج کریں۔


