سینئر صحافی رشید بیگ سپرد خاک
کوئٹہ(انتخاب نیوز)کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر سینئر صحافی رشید بیگ جن کا گزشتہ شب انتقال ہوگیا تھا کو ہدہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، نمازہ جنازہ میں صحافیوں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، وہ فیضان بیگ، سلمان بیگ اور ہاشم بیگ کے والد اور روزنامہ جنگ کوئٹہ کے سابق ایڈیٹر مرحوم اختر مرزا کے سسر تھے، مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی ان کی رہائش گاہ واقع لہڑی گیٹ میں جاری ہے رشید بیگ گزشتہ 40برس سے عملی صحافت سے وابستہ تھے وہ طویل عرصے تک روزنامہ انتخاب کے بیوروچیف بھی رہے بعد ازاں انہوں نے اپنا ایک روزنامہ حال نکالا 1980کی دہائی میں انہوں نے افغان پریس میں بھی کام کیا دریں اثناء گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے سنیئر صحافی اور پریس کلب کوئٹہ کے سابق صدر مرزا رشید بیگ کی وفات پر گہرے رنج ودکھ کا اظہار کیا. اپنے ایک تعزیتی بیان میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ مرحوم رشید بیگ نے عوام کو پل پل بدلتی دنیا کے حالات و واقعات سے باخبر رکھنے، اپنے حقوق و فرائض کا احساس اُجاگر کرنے اور حکومت اور عوام کے درمیان پُل کا کردار ادا کرنے کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں. گورنر بلوچستان نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور انکے اہل خانہ سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سینئر صحافی اور پریس کلب کوئٹہ کے سابق صدر مرزا رشید بیگ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مرزا رشید بیگ مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے اپنا مقام پیدا کیا اور صحافت کے میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بشریٰ رند نے سینئر صحافی اور پریس کلب کوئٹہ کے سابق صدر مرزا رشید بیگ کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے تعزیتی بیان میں مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے اپنا مقام پیدا کیا اور عوام میں اپنے حقوق وفرائض اور احساس ذمہ داری اجاگر کرنے میں گراں قدر خدمات انجام دیں ہیں۔ صحافت کے میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ بشریٰ رند نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزادہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔


