پاکستان نے ایل او سی سے دہشتگرد بھیجنے کا بھارتی الزام مسترد کردیا
اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نام نہاد ”دراندازی“ کے گمراہ کن جھوٹ اور بے بنیاد الزامات سے باز آئے اور جنگ بندی معاہدے سے فرار کے بہانے نہ ڈھونڈے۔اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہاکہ بھارتی میڈیا کی قیاس آرائی لغو اورسراسر بے بنیاد ہے کہ پاکستان ایل او سی سے نام نہاد دہشت گرد مقبوضہ کشمیر میں داخل کرنا چاہتا ہے۔ زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی اہلکار وہاں موجود ہیں، پھر یہ کیسے ممکن ہے؟ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر دنیا میں سب سے زیادہ فوج کی موجودگی رکھنے والا خطہ ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ جنگ بندی معاہدے کے لئے بھارت پر زور دینے کا مقصد علاقائی مفاد میں امن وسلامتی اور کشمیریوں کی جانیں بچانا تھا،بھارت نام نہاد ”دراندازی“ کے گمراہ کن جھوٹ اور بے بنیاد الزامات سے باز آئے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ بھارت جنگ بندی معاہدے سے فرار کے بہانے نہ ڈھونڈے،فالس فلیگ آپریشن کی نیت سے بھارت خودساختہ جھوٹ گھڑنے اور حیلے بہانے تراشنے سے باز رے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ بھارتی غیرذمہ دارانہ رویے کے نتائج خطے کے امن وسلامتی کے لئے اچھے نہیں ہوں گے۔


