پاکستان اور فرانس کے وزرائے خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ، کا لبنان میں جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی کی مبینہ سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور فرانسیسی وزیرِ خارجہ ژاں نوئل بارو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں خطے کی صورتحال اور جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان کے دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماو¿ں نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان میں جنگ بندی کا مکمل احترام اور اس پر عمل درآمد علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے۔ فرانسیسی وزیرِ خارجہ نے گفتگو کے دوران کہا کہ فرانس خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات اس ہفتے کے آخر میں پاکستان میں متوقع ہیں، تاہم اب بھی واضح نہیں کہ یہ مذاکرات طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے یا نہیں۔


