قید و بند سے ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا، پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن

کوئٹہ: پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر معصوم خان میرزئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قید و بند سے ہمیں نہیں ڈرایا جا سکتا، پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ساتھیوں کو گرفتار کرنا غیر جمہوری عمل ہے. زیارت مانگی ڈیم کے واقعے پر پورے بلوچستان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا،صوبہ کے دارالحکومت کوئٹہ میں پشتون ایس ایف کے آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین عالمگیر مندوخیل سمیت پی ایس ایف کے سینئر اراکین بازار میں ہڑتال منظم کرنے کے لیے نکلے تھے جس پر انہیں گرفتار کرلیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔معصوم خان میرزئی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ہم اس طرح کے حربوں سے مرعوب ہونے والے نہیں بلکہ دھرنے کمیٹی کے مطالبات کے حل تک دھرنے کے شرکاء کے ساتھ آخری دم تک رہیں گے اور ان کے حق کے لئے آواز اٹھائیں گے۔معصوم خان میرزئی کا کہنا تھا کہ پرامن کارکنان کی گرفتاری انتظامیہ اور پولیس کی بے حسی کا ثبوت ہے۔ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور شہریوں سے پرامن احتجاج کا آئینی حق کوئی بھی نہیں چھین سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایف کے کارکنان باچا خان کے پیروکار ہیں اور جیلوں اور گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں. انہوں نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ گرفتار کارکنان کو فوری طور پر رہا کرے اور ان کے جائز مطالبات کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں