بلوچستان سے نفرتوں اور قبائلی دشمنیوں کا خاتمہ کئے بغیرصوبہ ترقی نہیں کرسکتا، لالا یوسف خلجی

کوئٹہ بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہاہے کہ بلوچستان سے نفرتوں اور قبائلی دشمنیوں کا خاتمہ کئے بغیرصوبہ ترقی نہیں کرسکتا بلوچستان امن جرگہ قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کرداراداکر رہا ہے،بلوچستان امن جرگے کے زیراہتمام 10ستمبربروز جمعہ سہ پہر تین بجے سرانان آغا مدرسہ سے امن ریلی نکالی جائیگی۔یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ لالا یوسف خلجی نے کہا کہ صوبے میں قبائلی دشمنیوں اور نفرتوں کے باعث ہمارے نوجوان اور عوام صحت،تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم اورکتاب کی بجائے کلاشنکوف ہے جس کے باعث صوبہ آج تک ترقی نہیں کرسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کریں گے صوبہ ترقی نہیں کریگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ صوبے سے قبائلی دشمنیوں اور نفرتوں کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کر رہا ہے بلوچستان امن جرگے کے زیراہتمام 10ستمبر بروز جمعہ سہ پہر تین بجے سرانان آغامدرسہ سے ایک امن ریلی نکالی جائے گی جو قلعہ عبداللہ،میزئی اڈہ اور گلستان سے ہوتی ہوئی واپس سرانان آغامدرسہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں