ایران کا جوہری پروگرام پر آئی اے ای اے رپورٹس میں غیر جانبداری پر زور
تہران(شِنہوا)بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے)کو ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق غیر جانبدار رہنا چاہیے۔ یہ بات ایران کے سرکاری ٹی وی نے بدھ کے روز ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں کیلئے ایرانی نمائندے کاظم غریب آبادی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہی۔کاظم غریب آبادی کا یہ تبصرہ منگل کو آئی اے ای اے سربراہ رافیل گروسی کی خبر کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ ایران کچھ جوہری تنصیبات تک رسائی کو روکتا ہے اور اپنے افزودہ یورینیم کے ذخیرے میں مشترکہ جامع عمل منصوبہ(جے سی پی او اے)کے نام سے مشہور 2015 کے جوہری معاہدے میں طے شدہ سطح سے زیادہ اضافہ جاری رکھے ہوئے ہے۔غریب آبادی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایران کی تمام جوہری سرگرمیاں عدم پھیلا ؤکے معاہدے اور جے سی پی او اے کے تحت ملکی وعدں کے ساتھ ساتھ سلامتی معاہدے پر بھی پورا اترتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کو اپنی آزادی، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھنا چاہیے اور آئی اے ای اے کے ارکان کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے ایجنسی پر دبا ڈالنے سے سنجیدگی سے باز رہنا چاہیئے۔


