صوبائی حکومت خواتین کی ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھار ہی ہے، ربابہ بلیدی

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری صحت و بلوچستان اسمبلی میں خواتین اراکین پر مشتمل وویمن کاکس فورم کی چیئرپرسن ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے  خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں موثر نمائندگی دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں ، اور صوبے کی تاریخ میں پہلی بار حقوق نسواں سے متعلق موثر قانون سازی کی گئی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وویمن کاکس فورم اور شرکت گاہ کے مابین باہمی تعاون کی ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی سادہ مگر پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ماہ جبین شیران،  وویمن کاکس فورم کی وائس چئیرپرسن زینت شاہوانی ایڈوکیٹ،  اراکین صوبائی اسمبلی، لیلی ترین،  بانو خلیل، زبیدہ خیر خواہ، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ،  شرکت گاہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریسورس سنٹر فریدہ شہید، سیمہ خان اور انور بلوچ بھی موجود تھے،  ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر سطح پر اقدامات جاری ہیں اور رواں سال پنجاب کے بعد بلوچستان وہ دوسرا صوبہ ہے جہاں ترقی نسواں کے لئے غیر معمولی بجٹ مختص کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان وویمن کاکس فورم کو قانون سازی کے ذریعے ارکین صوبائی اسمبلی کا ایک موثر پلیٹ فارم بنایا گیا ہے بلوچستان اسمبلی کی خواتین اراکین اس امتیاز کے بغیر کہ ان کا تعلق کس جماعت سے ہے ترقی نسواں کے لئے سنجیدہ ہیں اور اس ضمن میں ہونے والی قانون سازی میں اپنا متحرک اور نمایاں کردار ادا کررہی ہیں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ایس ڈی جیز کے عالمی ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے متعین ٹائم فریم میں اقدامات ناگزیر ہیں اور ایس ڈی جیز سے متعلقہ شعبوں اور محکموں کو تیکنیکی طور پر اپنی ذمہ داریاں عالمی کمنٹمنٹ کے مطابق بروقت نبھانی ہونگی ، انہوں نے کہا کہ شرکت گاہ کے تعاون سے خواتین ارکین صوبائی اسمبلی کی کیپسٹی بلڈنگ اور مختلف امور میں صلاحیتی استعداد کار میں اضافے کے لئے اقدامات بار آور ثابت ہونگے اور ہمیں امید ہے کہ دونوں فورمز باہمی اشتراک سے خواتین کی ترقی میں حائل مشکلات کو ختم کرکے مزید بہتر  قانون سازی کے ضمن میں اقدامات پر بہتر مشاورت کرسکیں گے 

اپنا تبصرہ بھیجیں