حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد :وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بارے میں تحفظات دور کئے جائیں گے،پیمرا کا قانون 2002ء میں اس وقت بنا جب ڈیجیٹل میڈیا موجود نہیں تھا، سوشل میڈیا پر فیک نیوز بہت بڑا چیلنج ہے۔راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بارے میں تحفظات دور کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی واحد حکومت ہے جس نے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے قدم اٹھایا، اس وقت میڈیا کو ڈیل کرنے والے تمام قوانین ڈیجیٹل میڈیا کے انقلاب سے پہلے تیار ہوئے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ سات ریگولیٹری باڈیز میڈیا اداروں کو چلا رہی ہیں جن میں پیمرا، پریس کونسل آف پاکستان، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی، سینٹرل بورڈ آف فلمز سینسرز، پریس رجسٹرار آفس، آڈٹ بیورو آف سرکولیشن اور امپلی منٹیشن ٹربیونل برائے نیوز پیپرز ایمپلائیز شامل ہیں، پیمرا کا قانون 2002ء میں اس وقت بنا جب ڈیجیٹل میڈیا موجود نہیں تھا، سوشل میڈیا پر فیک نیوز بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا تقریباً 150 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا، ہم نے 80 ہزار جانیں گنوائیں، اس کے باوجود ہم ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہیں، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ بل میں فیک نیوز اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے علاوہ ہم کسی بھی ترمیم کے لئے تیار ہیں۔ انہوں ن یکہاکہ میڈیا ورکرز سے فورس لیبر کی طرح کام کروایا جا رہا ہے، انہیں کنٹریکٹ تک نہیں دیا جاتا، ڈی ایس این جی کے ڈرائیورز اور این ایل ایز کے پاس اپنے مسائل کے حل کے لئے کوئی راستہ موجود نہیں ہے، چوہدری فواد حسین نے کہاکہ ہم نے میڈیا اداروں کو 75 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کیں تاہم اس کے باوجود وہ اپنے ورکرز کو تنخواہیں نہیں ادا کر رہے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ حکومت کو میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے لئے ہم نے پانچ ممالک کے قوانین کو اسٹڈی کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں صحافیوں کو پلاٹ فراہم کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ آر آئی یو جے کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات پر اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات وفد کے مسائل غور سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔آر آئی یو جے کے وفد میں صدر شکیل احمد، جنرل سیکریٹری صدیق انظر، نائب صدور منیبہ افتخار، رانا رضوان، عثمان خان، جوائنٹ سیکرٹریز اظہر شریف، عمر جٹ، شازیہ طاہر، فائنانس سیکریٹری ایاز اکبر، ایگزیکٹو ممبران عثمان مغل، زبیر خان، ناصر عباس، عثمان ملک، سید یاسین ہاشمی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں