پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے، تعداد چار ہوگئی

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد چار ہوگئی۔ ہفتہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ایک کیس سندھ اور ایک وفاق میں رپورٹ ہوا۔علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ پہلے رپورٹ ہونے والے مریض تیزی سے صحت یاب ہور ہے ہیں۔معاون خصوصی نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ مریضوں سے متعلق ان کی ذاتی معلومات نشر کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے کابینہ کا اجلاس 3 گھنٹے جاری رہا تاہم پاکستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی نہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے منقطع ہیں۔معاون خصوصی نے بتایا کہ ہر کسی کو ماسک استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے کیسز بھی کراچی اور وفاقی علاقے میں رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد انہیں قرنطینہ میں منتقل کردیا ہے۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے کے لیے ٹیم بن کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت صحت کرونا وائرس کے حوالے سے ہر ممکن اقدام کررہی ہے تاہم بہت جلد وائرس کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا

اپنا تبصرہ بھیجیں