عمرشریف کیلیے ایئرایمبولینس، سندھ حکومت کا وفاق کوخط

کراچی: محکمہ صحت سندھ نے عمرشریف کے لیے ایئرایمبولینس سے متعلق وفاقی وزارت خزانہ کو خط لکھا ہے۔لیجنڈ اداکارعمرشریف کے لیے ایئرایمبولینس کے معاملات جلد مکمل کرنے کے لیے محکمہ صحت سندھ نے وفاقی وزارت خزانہ کو خط لکھا ہے۔ خط کے متن کے مطابق وفاق کوکہا گیا ہے کہ ایئرایمبولینس کوپاکستان آنے کی اجازت دی جائے، اہلخانہ کے کہنے پر متعلقہ ایئرایمبولینس کیلیے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔

وفاقی وزارت خزانہ اس سلسلے میں ایک لاکھ 69 ہزار800 امریکی ڈالرفارن ایکسچینج بجٹ جاری کرے، متعلقہ فارن ایکسچینج بجٹ کی رقم محکمہ صحت وفاقی وزارت خزانہ کوفراہم کرے گی۔متعلقہ ایئرایمولینس کا دفترپاکستان میں نہ ہونے کے باعث صوبائی حکومت نے وفاق سے درخواست کی ہے۔ خط میں کہا گیا کہ فضائی حدود اورایوی ایشن کا معاملہ وفاق کے دائرہ کارمیں آتا ہے اس لیے ایئرایمبولنس کیلیے معاملات کوجلد ازجلد مکمل کیا جائے۔

واضح رہے کہ ایئرایمبولینس کی آمد سے قبل جناح ٹرمینل پر لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت باقاعدہ طور پر سی اے اے حکام سے پیشگی لی جائے گی جبکہ کراچی سے امریکا کے درمیان 18 گھنٹے کی پرواز کے بیرون ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر ری فیولنگ کا شیڈول بھی طے کیا جائے گا۔میڈیکل پرواز کے ہمراہ ان کا بیٹا جواد عمر شریف اور خاندان کا ایک اور فرد بھی روانہ ہوگا۔ عمر شریف کا علاج امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں