ماریا کورینا ماچادو نے اپنا نوبیل امن انعام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دے دیا
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچادو نے اپنا نوبیل امن انعام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دے دیا۔ ماریا کورینا ماچادو نے وائٹ ہاﺅس میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے ہسپانوی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہماری آزادی کے ساتھ منفرد وابستگی کے اعتراف میں اپنا میڈل اور نوبیل امن انعام امریکی صدر کو پیش کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا میرے خیال میں آج ہمارے وینزویلا کے لیے ایک تاریخی دن ہے، ہم امریکی صدر پر اعتماد کر سکتے ہیں۔ امریکی صدر نے وینزویلا کی اپوزیشن رہنما کی جانب سے پیش کیا گیا نوبیل امن انعام قبول کرلیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اظہار تشکر کرتے ہوئے ماریا کورینا ماچادو کے اس اقدام کو باہمی احترام کا ایک شاندار اشارہ اور ان سے اپنی حالیہ ملاقات کو عظیم اعزاز‘ قرار دیا۔ امریکی صدر نے وینزویلا کی اپوزیشن رہنما کی تعریف کرتے ہوئے مزید لکھا کہ وہ ایک حیرت انگیز خاتون ہیں، انہوں نے بہت کچھ برداشت کیا ہے۔


