حکومت خطے کی صورتحال پر ہمسایہ ممالک کا اجلاس بلائے تاکہ ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے، تحفظ آئین پاکستان

اسلام آباد ( این این آئی) تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اہم اجلاس پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری وائس چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان و سربراہ مجلس وحدت مسلمین، اسد قیصر سیکرٹری جنرل تحریک تحفظ آئین پاکستان و سابق سپیکر قومی اسمبلی، سلمان اکرم راجہ سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف، مصطفی نواز کھوکھر وائس چیئر مین تحفظ آئین ہاکستان، حسین احمد یوسفزئی ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان، خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ وکیل قائد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شریک ہوئے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان خطہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال خصوصاً مشرق وسطی میں بحرانی کیفیت پر پارلیمان کے جوائنٹ سیشن کا مطالبہ کرتی ہے۔ جنگِ عظیم د¶م کے بعد کا انٹرنیشل آرڈر زوال پذیر ہے۔ جہاں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی مسلمانوں کی نسل کُشی اور یونائیٹڈ سٹیٹس کے لاطینی امریکہ میں طرزِ عمل نے انٹرنیشنل قوانین کی دھجیا بکھیر دی ہیں وہیں اقوام متحدہ کو بھی بے معنی کر دیا ہے۔ ایسے میں حکومت خارجہ پالیسی اور اُبھرتی بحرانی کیفیت پر پارلیمان کا فوری جائنٹ سیشن بلائے اور اجتماعی دانش کے ذریعہ ایک قومی پالیسی مرتب دے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمسایہ برادر اسلامی مُلک ایران کے خلاف بھی سامراجی و استعماری قوتیں گھیرا تنگ کر رہی ہیں اور مغربی میڈیا کے توسط سے ایک ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے جس کو بنیاد بنا کر ہمسایہ اسلامی ملک ایران کی خودمختاری پر ضرب لگائی جا سکتی ہے- ایسے میں پاکستانی عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور تحریک تحفظ آئین پاکستان یہ تجویز کرتی ہے کہ حکومت اِس ممکنہ بحرانی کیفیت کی سنجیدگی کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے اور اُس کے خطہ پر اثرات کے حوالہ سے ہمسایہ ممالک کا اجلاس بلائے تاکہ ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں