افغانستان میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، 30 افراد جاں بحق
قندوز: افغانستان کے شہر قندوز میں نماز جمعہ کے دوران زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر قندوز میں ایک مسجد میں اس وقت زوردار دھماکا ہوا ہے جب وہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جارہی تھی۔ دھماکے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے لیکن مقامی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ 30 سے زائد افراد جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
ریسکیو ادارے کے ایمبولینس اور اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ طالبان اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔تاحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ جس جگہ دھماکا ہوا وہاں زیادہ تر شیعہ آبادی مقیم تھی۔ حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔


