ملک کی خراب صورتحال سے معیشت مکمل طور پر تباہ ہوکر رہ گئی ہے، خورشید شاہ
سکھر:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ملک کی خراب صورتحال سے معیشت مکمل طور پر تباہ ہوکر رہ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے سکھر میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت بڑا مسئلہ آئی ایس آئی سربراہ کی تقرری کا ہے۔خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ایک ڈسیپلین ادارہ ہے اس کی اپنی ساکھ ہے، موجودہ حکومت خصوصاً عمران خان نے جان بوجھ کر اس ادارے کو متضاد بنایا ہے، ملک کی اس موجودہ صورتحال پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام پر عذاب ہے، ملک میں سرمایہ کاری کو نقصان پہنچا ہے، حکومت عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رہی ہے صورتحال بہت خراب ہے، اس حکومت کا بس چلے تو لوگوں کے گھروں میں پڑی چیزیں بھی چھین لے، ملکی خراب صورتحال سے معیشت مکمل طور پر تباہ ہوکر رہ گئی ہے،اس خراب ملکی صورتحال میں وزیراعظم کو سب سے بات کرنی چاہیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے مزید کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی اہمیت سب سے زیادہ ہے وہاں بات ہونی چاہیے، عمران خان بھارتی اور امریکی حکومت سے تو بات کرتے ہیں مگر ملکی قیادت سے نہیں، ہماری خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، صرف بلوچستان میں کیا پورا ملک بحران کا شکار ہے۔


