حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کےدرمیان معاہدہ طے پا گیا، مفتی منیب الرحمان
اسلام آباد: کالعدم جماعت ٹی ایل پی سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے رکن مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم جماعت کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اسلام آباد میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے اراکین وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت اور کالعدم جماعت کےدرمیان معاہدے کے مثبت نتائج سامنےآئیں گے۔ معاہدے پر سعد رضوی کی حمایت بھی حاصل ہے،مذاکرات کسی جبر نہیں،آزادانہ ماحول میں ہوئے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم نےدانشمندی سےمسئلہ حل کرنےکوترجیح دی، امن اور بہتری کا راستہ تلاش کیا گیا۔ سڑکوں پر رکاوٹیں، معصوم جانوں کا ضیاع دیکھا، لوگوں کو زخمی ہوتے اور املاک کو نقصان پہنچتے دیکھا، معاملہ طوالت اختیار کرتا تو بڑا نقصان ہو سکتا تھا۔
دوسری جانب کالعدم جماعت کے احتجاج کے سبب راستے تاحال بند ہیں، جی ٹی روڈ پر بھی جگہ جگہ رکاوٹیں موجود ہیں۔ گجرات، کھاریاں، سرائے عالمگیر اور جہلم کے زمینی راستے منقطع ہو کر رہ گئے۔ تعلیمی ادارے، مارکیٹیں اور بازار بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔


