بیرون ملک پاکستانی مشکل گھڑی میں ساتھ ہیں، مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہاہے کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں جس طرح ریاست، حکومت، مذہبی و سیاسی جماعتیں اور رفاحی ادارے غربا کی مدد کررہے ہیں ایسی کی ہمدردی کے مستحق اوورسیز بھی ہیں۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج اوورسیز پاکستانی مشکل کا شکار ہیں مگر افسوس پاکستان پہنچے والے ان ہم وطنوں سے قرنطینہ اور علاج کی مدد میں چارجز وصول کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں سے کسی قسم کے چارجز نہ لئے جائیں، انہیں مفت علاج کی سہولت کے ساتھ مکمل سہولیات فراہم کی جائیں،بیرون ملک خصوصاً یورپ اور مڈل ایسٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے دعاکی کہ اللہ عالم انسانیت، امت مسلمہ اور پاکستان کو اس مشکل گھڑی سے نکالے

اپنا تبصرہ بھیجیں