بلوچستان کے وسیع و عریض رقبہ اور ساحلی پٹی میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، قدوس بزنجو
کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کا وسیع و عریض رقبہ، طویل ساحلی پٹی اور معدنی شعبہ میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے یقینا استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ہماری کوشش ہے کہ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دیتے ہوئے سرمایہ کاروں کو پرامن اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے تاکہ صوبہ معاشی طور پر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رڈز کارپوریشن اینڈ فن لینڈ پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین ویلی ایرولہ Wille Eerolaسے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، رکن صوبائی اسمبلی سردار مسعود خان لونی، فننش ایجوکیشن گلوبل سولیوشنز Finnish education global solutions کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اینٹی کیسکینن Antti Kaskinen، چیئرمین کمیشن برائے کوسٹل ڈویلپمنٹ شہریار خان نیازی، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید احمد سرپراہ اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی روشن علی شیخ بھی موجود تھے۔ وزیر اعلی کو چیئرمین رڈز کارپوریشن فن لینڈ نے بتایا کہ وہ صوبے میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زون کے قیام سے متعلق سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں جو کہ ایک بزنس اور ٹیکنالوجی پارک ہوگا جس کے لیے ان کی کارپوریشن نے حب میں ٹیکنالوجی پارک کے قیام کے لیے تجویز بھی دی ہے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ ہمارا مفاد بلوچستان اور بلوچستان کے لوگ ہیں ہم سرمایہ کاروں کو یہاں پرامن اور دوستانہ ماحول فراہم کریں گے جو ہماری ذمہ داری بھی ہے وزیر اعلی نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے بلوچستان موزوں ترین خطہ ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے لیے آنے والے سرمایہ کار دنیا بھر میں بلوچستان کے امن کے سفیر بنے گیں اور بلوچستان کا خوبصورت عکس دنیا میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بلوچستان سے متعلق منفی تاثر کو ذرائع ابلاغ میں زیادہ پیش کیا جاتا ہے جو حقیقت کے برعکس ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے تقریبا پاکستان کا نصف حصہ ہے اور یہاں کے لوگ بھی مہمان نواز ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے کے مثبت عکس کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے کا حقیقی خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے آسکے۔


