بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی فوری بحال کیا جائے، عمران خان
اسلام آباد/کوئٹہ: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بلوچستان میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور مکران کو نیشنل گر ڈ سے منسلک کرنے کے منصوبے کی سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پلاننگ کمیشن،واپڈا اور این ایچ کو بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز،جنوبی بلوچستان پیکیج کی طرز پر شمالی بلوچستان پیکج تیار،بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی فوری بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی ترقیاتی و مالی ضروریات اور صوبے میں وفاقی منصوبو ں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیااس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور مکران کو نیشنل گر ڈ سے منسلک کرنے کے منصوبے کی سست روی پر برہمی کااظہار کر تے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان کی ترقی کی راہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے پلاننگ کمیشن کوہدایت کی کہ جنوبی بلوچستان پیکیج کی طرز پر شمالی بلوچستان پیکج بھی تیار کیا جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہاکہ سرحدوں کی بندش سے سرحدی علاقوں کے عوام کا روز گار ختم ہو گیا ہے بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد تک سرحدی علاقوں میں روزگار کے مواقعوں اور سہولیات کی فراہمی اشد ضروری ہے انہوں نے وزیراعظم سے سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کی درخواست کی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی فوری بحالی کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کر دی وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے بلوچستان کے مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کاشکریہ اداکیا۔


