بلوچستان اسمبلی اجلاس، کوئٹہ میں ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے قیام کو یقینی بنانے کی قرار داد منظور

کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی میں کوئٹہ میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک انجینئرنگ بیورو اور واشک میں پاسپورٹ آفس کے قیام کیلئے عمل اقدامات اٹھانے کو یقینی بنانے کی قراردادیں منظور کرلی گئیں صوبائی وزیرمواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران نے ایوان کو یقین دلایا کہ بلوچستان یونیورسٹی کے لاپتہ طالب علموں کی بازیابی ریاست کی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت میں پورا کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض کے جواب میں کہی بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکربابر موسی ٰخیل کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں رکن اسمبلی نصر اللہ زیرے نے قرارداد پیش کی کہ کوئٹہ میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کا قیام عمل میں لایاجائے،ایوان نے متفقہ طور پر قرار داد منظور کرلی،اسی طرح رکن اسمبلی جے یوآئی زابد ریکی کی جانب سے واشک میں پاسپورٹ افس کے قیام کے حوالے پیش کردہ قرارداد کو بھی متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا اراکین اسمبلی نواب اسلم رئیسانی،نصر اللہ زیرے،اختر حسین لانگو اور احمد نواز نے ایوان کی توجہ بلوچستان یونیورسٹی کے دوطالب علموں کی گمشدگی کے حوالے سے مبذول کرائی جس پر حکومتی کمیٹی کے سربراہ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ جامعہ بلوچستان کے گمشدہ طالب علموں کی بازیابی کیلئے حکومتی سطح پر کوششیں ہورہی ہیں،، آئی جی پولیس کے بھائی کی وفات اور وزیر اعلی بلوچستان کی بیماری کی وجہ سے کچھ وقت درکار ہے،امید ہے طلبا تنظیمیں ہمیں تھوڑا وقت دیں گی،جس کے بعد اسمبلی کا اجلاس 22نومبر کی سہ پہر تین بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں